اہلبیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ اہلبیت(ع) عالمی اسمبلی کے جنرل سیکریٹری حجۃ الاسلام و المسلمین محمد حسن اختری نے گزشتہ روز ریڈیو معارف سے گفتگو کرتے ہوئے مصر میں شیعوں کے بہیمانہ قتل عام کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے شیعیان مصر کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا۔انہوں نے کہا: اہلبیت(ع) عالمی اسمبلی نے اس تشدد آمیز اقدام کی مذمت میں بیان جاری کر کے تمام پیروان اہلبیت علیہم السلام، علمائے اہلسنت اور اسلامی اداروں اور تنظیموں سے مطالبہ کیا ہے کہ اپنے مذمتی بیانات اور تظاہرات کے ذریعے اس بہیمانہ اقدام کی مذمت کریں۔حجۃ الاسلام و المسلمین اختری نے مزید کہا: اہلبیت (ع) عالمی اسمبلی ان افراد اور تنظیموں کی حمایت کرتی ہے جو حقوق انسانی اداروں اور سفارت خانوں کے سامنے احتجاجی مظاہرے کر کے اپنے اعتراضات کا اعلان کریں اور حقوق انسانی اداروں اور بین الاقوامی تنظیموں سے مطالبہ کریں کہ وہ ان حکومتوں پر دباو ڈٓالیں جن میں انسانوں کو ظلم و ستم کا نشانہ بنایا جاتا ہے تاکہ وہ دھشتگردوں اور دھشتگردانہ اقدامات کی حمایت سے دستبردار ہو جائیں۔اہلبیت(ع) عالمی اسمبلی کے جنرل سیکریٹری نے مصر کے صدر محمد مرسی کو خط لکھنے کے بارے میں بتایا: میں نے محمد مرسی کو خط لکھ کر انہیں خبردار کیا ہے کہ آپ کی موجودگی میں بعض کانفرانسوں کے اندر شیعوں کے خلاف تقریریں ہوتی رہی ہیں اور مکتب تشیع کی توہین کر کے لوگوں کو اہل تشیع کے خلاف ابھارا جاتا رہا ہے جبکہ آپ نے خاموشی اختیار کر کے ان کی تائید کی ہے۔ میں نے ان سے کہا ہے کہ ہر ممکنہ صورت اختیار کر کے ان اقدامات کا سد باب کیا جائے تاکہ اس طرح کا کوئی ناگوار واقعہ مصر میں دوبارہ تکرار نہ ہو۔جناب اختری صاحب نے مزید کہا: اہلبیت(ع) اسمبلی نے دیگر علماء، مراجع عظام اور ایران و عراق کے حوزہ علمیہ سے بھی کہا ہے کہ اس طرح کے تشدد آمیز اقدامات کے خلاف آواز اٹھائیں اور حکومتوں کو مجبور کریں تاکہ ان اقدامات پر کنٹرول کریں۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۲۴۲
25 جون 2013 - 19:30
News ID: 433920
حجۃ الاسلام و المسلمین اختری نے مصر کے صدر محمد مرسی کو خط لکھ کر مصر میں ہونے والے حالیہ شیعہ مخالف اقدامات کا فوری سد باب کرنے کی تاکید کی ہے۔